شکیل احمد
عمر متین کون تھا، وہ کس قسم کی ذہنیت کا مالک تھا میرے خیال میں اُس کی سابقہ بیوی کے بیان کے بعد کافی کچھ واضح ہو گیا ہے۔ جی ہاں۔۔۔ عمر متین ایک شدت پسند ، غیر متوازن اور جنسی حوالے سے گے شخصیت کا حامل نوجوان تھا۔ ایک گے ہوتے ہوئے اُس نے ’گے ‘کلب پہ حملہ کیوں کیا؟ کیا وہ اپنے گناہوں کا کفارہ کرنا چاہتا تھا؟ کیا اُس کو ’ہدایت‘ مل گئی تھی؟
اس قسم کی کوئی بھی صورتِ حال نہیں تھی۔ عمر متین ایک پوری ذہنیت کا نام ہے جو پورے مغربی سماج میں پھیلی ہوئی ہے۔ میں خود برطانیہ میں کچھ سال گزار کے آیا ہوں۔ میں نے اس ذہنیت کا بہت باریک بینی سے مشاہدہ کیا ہے۔ یہ ذہنیت مغربی ممالک میں رہتے ہوئے ہر کام کرتی ہے، اُن کے کلچر میں سرایت کر چکی ہوتی ہے۔ وہاں کی تعلیم، وہاں کا مزاج اور وہاں کی ظاہریت کسی سے بھی بچ نہیں پاتی مگر اس ذہنیت کا ایک کونا ہمیشہ خالی ہوتا ہے اور وہ ہے منافقت والا کونا۔ یہ اس کونے میں ساری زندگی منافقت کو پالتی رہتی ہے اور پھر یک دم ان کے اندر سے ’’انسانیت ‘‘ بیدار ہو جاتی ہے۔
مغربی ممالک میں وہ نسل جو ستر کی دہائی یا اس سے بھی پہلے گئی اور وہیں جا کے بس گئی ان کی نسلیں اب وہاں جوان ہو چکی ہیں۔ اس پہلی نسل میں شدید تذبذب موجود تھا۔ وہ واپس وطن آ کے اپنے ملک کی اُن اچھی روایات کو زندہ کرنا چاہتے جو وہاں اُن کے بقول نہ ہوتیں۔ مگر اِن کی دوسری نسل جو وہیں پیدا ہوئی وہیں کے تعلیمی اداروں اور کلچر میں پروان چڑھی، وہ بھی پوری طرح اُن ممالک کے کلچر کو اپنانے سے ہچکچاتی ہیں۔ یہ روایت اُن کی پہلی نسل سے ملتی ہے کہ مغربی ممالک کی ہر شے کو اپنا لو مگر اِن سے نفرت بھی کرتے رہو۔ اگر ان کو اتنی ہی نفرت اور گناہ کا احساس ان ممالک میں ملتا رہتا ہے تو یہ وہاں کر کیا رہے ہیں۔ کیا صرف چند روپوں کی خاطر اور اپنی زندگی کی سانسوں کو چلانے کی خاطر آپ وہاں رہ رہے ہیں۔
عمر متین نے ایک گے لایف کو خود انتخاب کیا مگر وہ اس لذت کے ساتھ اذیت کا شکار بھی رہا۔ وہ امریکہ میں رہ رہا ہے مگر امریکہ کے کلچر کو پوری طرح اون نہیں کر رہا۔ تو کیا یہ کھلم کھلا منافقت نہ ہوئی؟ ایسی نسل واپس کیوں نہیں آجاتی۔ اگر آپ ایسے خطے میں رہ رہے ہیں جہاں کا کلچر روایت اور تمدن پسند نہیں تو آپ کسی چیز کی تو قربانی دیں اور واپس آ جائیں۔
کیا آپ مشرقی ممالک میں مغربی کلچر کو من و عن قبول کرتے ہیں۔ کیا یہاں نائٹ کلب، مساج سنٹرز کی اجازت دیں گے؟ کیا یہاں کھلے عام سکرٹ پہنی لڑکیوں کوگھومنے کی کیا اجازت دیں گے؟
اگر نہیں تو پھر آپ کیوں وہاں کے کلچر کو تہس نہس کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ آپ کیوں وہاں جا کے وہاں کے مذاہب کو کفر قرار دے کر تشدد، اورانتہا پسندی کو فروغ دے رہے ہیں۔
عمر متین ایک ذہنیت کا نام ہے جو مغرب میں رہ کر بھی اپنا اندر کا مشرق نہیں چھوڑتی۔ جو تبدیل ہو کر بھی تبدیلی اپنے اوپر نافذ نہیں ہونے دیتی۔