(اشتیاق احمد)
آج سے تقر یباََ دس سال پہلے ان پیج کے علاوہ مائیکرو سافٹ آفس اور ونڈو مووی میکر وغیرہ میں اردو لکھنے کی سہولت نہ تھی مگر اب کم وبیش تمام اہم پرو گرامات میں اردو لکھنے کی سہولت پیدا ہو گئی ہے۔دنیا میں مؤثر تعلیم و تدریس کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہو نے والا سا فٹ وئیر مائیکرو سافٹ پاور پوائنٹ ہے اس کے علاوہ ویڈیو فلموں کے ذ ریعے بھی مؤثر تدریس ہو رہی ہے۔اردو لکھنے کے لیے مائیکرو سافٹ پاور پوائنٹ ہمہ قسم کے اردومتن کی تزئین و آرائش سے مز ین ہے۔علاوہ ازیں تمام اقسام کی تصا ویر اور ویڈیو فلمیں بھی بآسانی شا مل کی جا سکتی ہیں جو کہ متن کے ساتھ مر بوط کر کے انتہا ئی دلچسپ انداز میں بچو ں کے سا منے پیش کی جا سکتی ہیں۔تصا ویر اور ویڈیو فلموں کو زیادہ قابلِ فہم اور پُر تا ثیر بنانے کے لیے ان کو اپنی مرضی سے اردو میں لیبل کیا جا سکتا ہے اور انہیں ہمہ قسم کے خوبصو رت حاشیوں سے بھی آراستہ کیا جا سکتا ہے ۔اس سافٹ وئیر میں تصاویر کی کانٹ چھانٹ یعنی تدوین کا بھی پورا انتظام ہو تا ہے۔متن اور تصاویر کے لیے رنگوں کے حسین امتزاج کے بھی متعدد طریقے موجود ہیں گویا کہ اس سا فٹ وئیر کے ذریعے ہم تدریسی مواد کو اتنا خوبصورت اور جاذبِ نظر بنا سکتے ہیں جتنا کہ ہم تصورات اور طلسمات کی دنیا میں پہنچ کر سوچتے ہیں۔اس سافٹ وئیر کے ذریعے جو سلا ئیڈیں بنائی جاتی ہیں ان میں موجود متن ،ساکن و متحرک تصا ویر اور دیگر سائنسی علا مات و مساوات کی ہم اپنی آواز کے ذریعے وضاحت بھی کر سکتے ہیں۔سائنس کی تدریس میں ریاضی و طبیعیات اور شماریات وغیرہ کے فارمولے اور کیمیا و علم الادویہ کی مساواتیں بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں ۔ان تمام فارمولوں اور مساواتوں کے لکھنے کی مکمل سہولت موجود ہو تی ہے جو کہ مائیکرو سافٹ پاور پوائنٹ میں موجود equation editorفراہم کرتا ہے ۔اس کے ذریعے تمام سادہ اور پیچیدہ ریاضیاتی سوالات حل کیے جا سکتے ہیں۔الغرض یہ کہ تعلیم و تدریس کے لیے جو کچھ بھی آپ سو چتے ہیں یہ سا فٹ وئیر آپ کے سامنے حاضر کر دیتا ہے۔ اچھلتا کو دتا ، تھرکتا پھدکتا اور گھومتا ناچتا متن بچوں بڑوں سب کے لیے دلچسپ اور دل و دماغ کو مسحور کر دینے والی حرکات و سکنات کے عجیب و غریب مناظر پیش کرتا ہے جو کہ نظریں جمائے رکھنے کے لیے ایک طلسماتی عمل ہے۔اسی طرح مختلف تصا ویر کو بھی کئی قسم کی حرکات و سکنات دی جا سکتی ہیں۔سلا ئیڈوں کو خود کار شو کی شکل بھی دی جا سکتی ہے جس میں ہر سلا ئیڈ اپنا وقت پورا کرتی ہے اور اس کے بعد اگلی سلائیڈ آ جا تی ہے اس طرح پورا شو سکرین پر چلنے والی ایک فلم کی طرح بن جاتا ہے ۔اب آ ئیے اس سافٹ وئیر میں اردو کے استعمال کی بات کرتے ہیں سب سے پہلے pak urdu installerکو انٹر نیٹ کے ذریعے اتا ریئے اور اپنے کمپیوٹر میں اس کی تنصیب installationکر لیجیے جو کہ بہت آسان ہے۔تنصیب کے بعد کمپیوٹر بند ہو کر خود بخود سٹا رٹ ہو جائے گا اور اس کے دائیں نچلے کونے میں ایک چھوٹی سی ڈبیا نمودار ہو گی جس پر clickکرنے سے کمپیوٹر کے کم و بیش تمام سافٹ وئیر میں انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو لکھنے کی بھی سہولت پیدا ہو جائے گی اب آپ پاور پوائنٹ سمیت مائیکرو سافٹ آفس کے دوسرے پروگراموں میں بھی انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو لکھنے کے قابل ہو جائیں گے۔اب آپ inpageکی طرح یہاں پربھی تمام نویسوں (fonts)کے ساتھ اردو لکھ سکیں گے۔تین نویسے تو پاک اردو انسٹالر کے اندر ہی موجود ہوتے ہیں جن میں سب سے خو بصورت نویسہ جمیل نوری نستعلیق ہے۔مزید سینکڑوں نویسے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ویب گاہdeedahwar.netسے حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔ان میں سے قابلِ قدر ساٹھ سے زائد نویسوں کا مجموعہ بنام inpage fonts for windowہے۔جس میں مختلف بیل بوٹوں اور ستاروں سے مزین نویسے بھی شامل ہیں۔جن کو کھول کر منتخب (select)کرکے copyکریں اور کنٹرول پینل میں موجودfontsوالے پوشہ (folder) میں چسپاں (paste) کر دیں۔ ان تمام سہولیات کے ہوتے ہوئے پہلی جماعت سے لے کر پی ایچ ڈی تک ہر سطح کے اسباق کو اردو میں لکھ کر پڑھایا اور سمجھایا جا سکتا ہے۔
پاور پوائنٹ کے علاوہ ایک بہت ہی کارآمد سافٹ وئیر ونڈو مووی میکر ہے جو ایکس پی ،وسٹا اور ونڈو سیون میں موجود ہوتا ہے۔عموماً اس کی افا دیت کا فہم نہ ہونے کی بنا پر اسے اچھے خاصے کمپیوٹرکے ما ہر افراد بھی نظر انداز کر دیتے ہیں ۔ اسے انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو کے لیے بھی استعمال کیاجا سکتا ہے اس میں تصویریں ،ویڈیوز،آوازیں اور متن سبھی کچھ شامل ہو سکتاہے ۔ڈبنگ کے لیے ونڈو مووی میکر ایک بہت خوبصورت اور جاندار سافٹ وئیر ہے اس کے ذریعے سے ویڈیوز کی تراش خراش آسانی سے کی جا سکتی ہے۔ ویڈیو میں پہلے سے موجود آواز کو مدہم کیا جا سکتا ہے اور پہلی آواز ختم کر کے اپنی آواز شامل کی جا سکتی ہے ۔تصویروں ، ویڈیوز اور متن کے لیے بہت سی عبوری حرکات (transitions)اور بصری تاثرات (video effects) بھی شامل کیے جا سکتے جا سکتے ہیں جو کہ آج کل youtubeپر لاکھوں سائنسی ویڈیوز موجود ہیں۔اس سافٹ وئیر کے ذریعے ان سب کو اپنی زبان اور اپنے لب و لہجے کے ساتھ ڈب کیا جا سکتا ہے تاکہ یہ بیش قیمت سمعی و بصری مواد ہماری قوم کے لیے قابلِ فہم بن سکے جو کہ سائنسی علوم کے ترجمے کا سب سے جدید اور کارآمد طریقہ ہے۔یوں تو اب پاور پوائنٹ۲۰۱۰ء میں بھی یہ سہولت آ گئی ہے کہ پاور پوائنٹ کے سلائیڈ شو کو اب بآسانی ویڈیو میں بھی منتقل کیا جا سکتا ہے۔
پاور پوائنٹ اور ونڈو مووی میکر کو باہم اشتراک کے ساتھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے مثال کے طور پر سلائیڈیں ہم پاور پوائنٹ میں بنائیں اور انہیں jpeg تصویروں میں منتقل کر کے ونڈو مووی میکر میں لے جا کر استعمال کر یں۔
اگر سر کاری سطح پر ایسا کیا جائے تو ہما رے ملک میں بہت جلد سائنسی انقلاب برپا ہو سکتا ہے۔حکومتِ وقت چونکہ انگریزی میڈیم کے سا مراجی پھندے میں پھنسی ہو ئی ہے اس لیے اس کام کی طرف توجہ نہیں دے رہی ۔اگر کوئی تنظیم یا جماعت اپنے وسائل کے ساتھ کام کرے تو بھی بہت سا کام ممکن ہے۔ بندۂ ناچیز نے مائیکرو سافٹ پاور پوائنٹ، ونڈو مو وی میکر اور ان دونوں کے اشترا ک سے پہلی جماعت سے لے کر ایف ایس سی اور ایم ایس سی کے مختلف سائنسی کورسز اردو میں تیار کیے ہیں۔نا چیز کا دعویٰ ہے کہ اگر ہمارے نصاب کو قومی زبان کے سا نچے میں ڈھال کر ان سافٹ وئیرز کے ذریعے پڑھایا جائے تو انقلاب کی منزل دور نہیں ہو گی ۔نصاب کیسا ہو؟پڑھایا کیسے جائے؟اور سمجھی ہوئی بات کو بچے تقریری اور تحریری انداز میں اپنے لفظوں میں کیسے بیان کر سکیں ؟ انقلابی نصاب اور انقلابی تدریس کو عملی طورپردیکھنے کے لیے بندۂ نا چیز کے youtube پر دو چینلز ملاحظہ فرمائیں جن کے پتے ishtiaqahmad1000 اور ishtiaqahmedish ہیں۔ ان کے علاوہ ناچیز کی ویب گاہwww. tahqeeq otakhleeq.blogspot.comپر بھی ہزاروں گھنٹوں کا تدریسی مواد پاور پوائنٹ اور ویڈ یو کی شکل میں موجود ہے۔انشاء اللہ قوم کے لیے یہ کام ایک عظیم الشان سائنسی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو گا ۔اردو ذریعہ تعلیم کی بابت بہت سی غلط فہمیوں کا مسکت اور عملی جواب بھی مل جا ئے گا۔پھر آپ سوچنے پر مجبور ہوں گے کہ کاش تمام مضامین پربھی ایسا کام کر کے اسے سی ڈیز کے ذریعے اور انٹر نیٹ پر عام کر دیا جائے تو یہ نسل رٹے اور ٹیو شن کی قید سے آزادی حاصل کر سکتی ہے اور اس پر تحقیق ، تخلیق اور ایجادات کے صدیوں سے بند دروازے کھل سکتے ہیں۔
یہ کام چونکہ تحقیقی اور تخلیقی نو عیت کا ہے اس لیے جوں جوں آدمی کام میں کُھبتا چلا جاتا ہے نئی نئی راہیں ،جدت طرازیاں اور کام کرنے کے نئے نئے انداز سامنے آتے ہیں اس پورے عمل کے دوران بار بار الفاظ اور ان کے معنی جاننے ، سمجھنے اور لکھنے کی ضرورت پیش آتی ہے اس لیے مختلف لغات کی ضرورت پیش آتی ہے جو کہ اب آن لائن بھی دستیاب ہیں۔ان میں سے دو لغات سب سے اچھی اور ہماری ضروریات کو کافی حد تک پورا کر دیتی ہیں۔ پہلی مقتدرہ قومی زبان کی قومی انگریزی لغت ہے جو کہ مقتدرہ کی ویب گاہ nla.gov.pkپر نوری نستعلیق نویسے میں دستیاب ہے۔ یہ لغت ترجمہ اور علوم و فنون کے انتقال کے مقاصد کو کافی حد تک پورا کرتی ہے۔دوسری urduenglish dic tio nary .gov.pk ہے۔جو ساڑھے تین لاکھ سے زائد الفاظ پر محیط ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر الفاظ کا اضافہ ہوتا ہے۔یہ بھی قومی انگریزی لغت کے پائے کی لغت ہے بلکہ یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ یہ خوبیوں اور محاسن کے اعتبار سے کچھ آگے ہی ہے اسی لغت کے ساتھ ملحق قومی اردو لغت بھی ہے۔یہ دونوں لغات حکومتِ پاکستان کی وزارتِ اطلا عات و نشریات کی تیار کردہ ہیں ۔ا ن کے علاوہ بھی کئی چھوٹی بڑی لغات ہیں جن سے کبھی کبھار کوئی چیز نئی بھی مل جاتی ہے۔
کچھ عرصہ پہلے تک ہم ان پیج میں لکھے ہوئے مواد کو بشکلِ متن مائیکرو سافٹ پاور پوائنٹ اور مائیکرو سافٹ ورڈ میں نہیں لے جا سکتے تھے مگر اب in page to urdu unicodeکے ذریعے ان پیج کے مواد کو بصورتِ متن مائیکرو سافٹ آفس کے کسی بھی پروگرام میں جمیل نوری نستعلیق کی شکل میں لے جا کر چسپاں کر سکتے ہیں اور اسے اپنی مرضی سے تدوینی عمل سے گزار کر اپنی مرضی کی سلائیڈیں بنا سکتے ہیں ۔علاوہ ازیں ان پیج کے اسی متن کو مذکورہ converterکے ذریعے ونڈو موی میکر میں بھی لے جا سکتے ہیں اور اسے اپنی ویڈیوز میں استعمال کر سکتے ہیں۔یہ بات یاد رہے کہ ونڈو موی میکر کی بنی ہوئی ویڈیو wmvکی شکل میں ہوتی ہے اور بڑی صاف ، واضح اور دیگر سافٹ وئیر کی نسبت زیادہ بہتر ہوتی ہے۔
ایک اور سافٹ وئیر بھی U lead video studioکے نام سے بازار میں دستیاب ہے۔ یہ بھی بہترین طریقے سے ڈبنگ اور تدوین (editing)کرتا ہے۔شادی بیاہ کی فلموں کو زیادہ تر اسی سافٹ وئیر کے ذریعے بنایا جاتا ہے اور تصو یروں،آوازوں اور ویڈیوز کی کانٹ چھانٹ او ر ان میں ردو بدل کیا جاتا ہے۔مگر تعلیم و تدریس کے لیے اس کے استعمال میں سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ اس میں براہِ راست اردو متن شامل نہیں کیا جا سکتا ۔ کمپیوٹر سافٹ وئیر کے ما ہرین سے گزارش ہے کہ وہ اس طرف توجہ دیں۔لوگ اس میں اردو کو تصویری شکل میں لا کر استعمال کرتے ہیں۔ اگر اس میں براہِ راست اردو لکھنے کی سہولت شامل ہو جا ئے تو یقیناََ شادی بیاہ والی فلمیں بنانے والوں کا فائدہ تو ہو گا ہی ،ہم جیسے جنونیوں کو بھی تخلیقی کام کے لیے ایک اچھا سافٹ وئیر مل جائے گا ۔
پہلے ہم گزارش کر چکے ہیں کہ کام کرنے کے ساتھ ساتھ نئے نئے رستے بھی کھلتے ہیں۔تصویروں کو مزید اپنے خیالات و تصورات کی جدت سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہم ایڈوب فوٹو شاپ معاون سافٹ وئیر کے طور پر بھی استعمال کر سکتے ہیں جو کہ تصویروں کی تدوین اور آرائش و زیبائش مزید باریک بینی سے کرتا ہے۔ان تصا ویر کو ہم پاور پوائنٹ اور ونڈو مووی میکر میں لا کر اپنے کام کو اور زیادہ نفیس بنا سکتے ہیں جو کہ انسانی حسِ لطافت کو مزید نکھار بخشے گا۔
آخر میں ضمناََ عرض ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ ادبِ لطیف اور شاعری کو بھی مذکورہ سافٹ وئیر میں سمو کر رنگینِی احساسات کے بحرِ بیکراں سے مزین کر سکتے ہیں اور کوئی شاعر یا ادیب اپنے ہی الفاظ کو اپنی ہی آواز میں اپنی سوچ کے متنوع انداز میں ڈھال سکتا ہے ۔