یاسر چٹھہ ، مدیر
یاسر چٹھہ نے انگریزی ادبیات میں ماسٹرز اور سیاسی لسانیات میں ایم فِل کیا ہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے قانون کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی ہے۔
یاسر چٹھہ پچھلے کچھ عرصہ سے آن لائن بلاگنگ سائٹس کے لیے لکھتے آ رہے ہیں۔ یاسر سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ وابستہ ہیں، جن کے لیے وہ تحریری اور مشاورتی شراکت رکھتے ہیں۔
پاکستانی سماج سے شدت پسند فکر کی بے دخلی کے لیے توازن پسند رویوں کی تلاش میں اُن کی کوششیں جاری رہتی ہیں۔ وہ اس سلسلے میں با قاعدہ کچھ منصوبہ جات پر کام کر رہے ہیں۔
بین الاقوامی ادب اور علوم کے تراجم کرنے میں دل چسپی رکھتے ہیں۔ ابلاغ کے مَثبت اور تعمیری امکانات پر پُختہ یقین رکھتے ہیں۔
انگریزی ادبیات و انگریزی کے کلاسیک ادب کا ترجمہ اُن کا اختصاص رہا ہے۔ اُردو کلاسیک ادب میں بھی گہری دل چسپی رکھتے ہیں۔ اُن کے کچھ اُردو کلاسیک کے انگریزی تراجم بھی زیرِ تکمیل ہیں۔
اسلام آباد کے ایک کالج میں شعبۂِ انگریزی میں درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ پاکستان کونسل آف سوشل سائنسز (COSS) سے بہ طورِ تکنیکی مُدیر منسلک رہے ہیں۔
عرفانہ یاسر، معاون مدیر
عرفانہ یاسر گزشتہ ایک دھائی (2005) سے زیادہ براڈکاسٹ جرنلزم، ترقیاتی ابلاغیات (development communication) اور سماجی ذرائع ابلاغ (social media) سے منسلک رہی ہیں۔
عرفانہ، جیو نیوز، ایکسپریس نیوز، کیپیٹل نیوز اور سی این بی سی پاکستان کے ساتھ پروگرامنگ اور نیوز کے شعبہ جات میں اہم ذمے داری والی تفویضات (assignments) سے وابستہ رہی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ فری اینڈ فیئر الیکشنز نیٹ ورک (FAFEN) اور پلاننگ کمیشن آف پاکستان میں بھی کام کرتی رہی ہیں۔ عرفانہ یاسر نے فیئر اینڈ فری الیکشنز نیٹ ورک کے لیے رپورٹ رائٹر اور ایڈووکیسی کے شعبوں میں کام کیا ہے۔ یہاں پر انھوں نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ارکان کی کار کردگی سے لے کر پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی، اور سرکاری اداروں کی معلوماتِ عامہ کی آسان فراہمی اور شفافیت کی ترویج کے لیے بھی کام کیا ہے۔ پلاننگ کمیشن آف پاکستان میں ڈویلپمنٹ کمیونی کیشن کے ماہر کے طور پر بھی کام کرتی رہی ہیں۔ یہاں انھوں نے میڈیا اور معاشرے میں ڈویلپمنٹ ڈسکورس کے پیدا کرنے کی ذیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مزید برآں انھوں نے SZABIST اسلام آباد کے میڈیا اور کمیونی کیشنز ڈیپارٹمنٹ میں بطور visiting faculty خدمات سرانجام دی ہیں۔ ریڈیو پاکستان میں نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز کے ایک پروگرام کی میزبان کے فرائض بھی انجام دیے ہیں۔
پاکستان اور امریکہ کے مابین جرنلسٹ ایکسچینج پروگرام کے تحت امریکہ سے جدید و مروج ذرائع ابلاغ کی بابت تربیت حاصل کی ہے؛ ٹیکساس کے شہر آسٹن میں کے NBC ٹی وی کے ذیلی ایکس این چینل کے ساتھ بطور فیلو کام کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز میں کرنٹ افیئرز پروڈیوسر کے طور پر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ میڈیا میں ایک لمبا عرصہ گزارنے کی وجہ سے ملٹی میڈیا میں خصوصی مہارت رکھتی ہیں۔
جنوری سنہ 2019 کے ںعد وہ بی بی سی (BBC) سے وابستہ ہونے کی وجہ سے یہاں وقت نہیں دے پاتی ہیں۔
ملک تنویر احمد، معاون مدیر
ملک تنویر احمد نے جامعہ کراچی سے ابلاغ عامہ Mass Communication میں ماسٹرز کیا۔ کراچی اور اسلام آباد میں انگریزی زبان کے پرنٹ میڈیا سے منسلک رہنے کے علاوہ پلاننگ کمیشن آف پاکستان سے ترقیاتی ابلاغ کے ماہر کے طور پر بھی منسلک رہے۔ حکومت نظم و نسق کے چلنے کا انداز اور ترقیاتی اور گورننس کی اصلاحات کے عمل پر راست نظر رکھے رہے ہیں۔
دورانِ صحافت جہاں ملک کے سیاسی امور سے لے کر معاشی امور کو قلم بند کیا تو ساتھ ہی کالم نگاری کے میدان میں بھی طبع آزمائی کرتے نظر آئے۔ ایک قومی روزنامے سے بہ طور کالم نگار منسلک ہونے کی وجہ سے ملک میں سیاسی حرکیات، سماجی رویوں اور معاشی تغیرات پر بھی نظر رکھتے ہیں۔ معتدل مزاج ہونے کے باعث اعتدال پسند نظریات کو رشحاتِ قلم کے ذریعے فروغ دینے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ ہر نوع کی انتہا پسندی کے ناقد ہونے کے باعث معتدل رجحانات کا فروغ اپنا نصب العین قرار دیتے ہیں۔