مدھو بالا کا مجسمہ مادام تساد دہلی کی زینت بنے گا
مرزا اے بی بیگ، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
مدھو بالا کا اصلی نام ممتاز تھا، اور وہ 14 فروری کو دہلی میں پیدا ہوئی تھیں۔ انڈیا کی اپنے زمانے کی معروف اداکارہ مدھوبالا رواں سال کے آخر میں مادام تساد کی زینت بننے والی ہیں۔ انڈیا میں مادام تساد کے مجسموں کو لانے والی کمپنی مارلن انٹرٹینمنٹ پرائیوٹ لیمٹڈ کے جنرل منیجر انشل جین نے بتایا کہ کلاسیکی فلم ‘مغل اعظم’ کے ان کے ایک روپ کو موم کے مجسمے کا روپ دیا جائے گا۔
مدھوبالا ان فن کاروں میں ہیں جو آج تک لاکھوں دلوں پر راج کرتی ہیں۔ دلیپ کمار کے ساتھ انھوں نے ‘ترانہ’، ‘سنگ دل’، ‘امر’ اور ‘مغل اعظم’ جیسی فلمیں کی ہیں۔ اس کے علاوہ انھیں ‘چلتی کا نام گاڑی‘، ‘مسٹر اینڈ مسز ‘55، ‘کالا پانی’ وغیر میں یادگار کردار کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔
انشل جین نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا:
‘ہمیں خوشی ہے کہ مدھو بالا کا مجسمہ مادام تساد دہلی کی زینت بنے گا ۔ وہ اب تک ملک میں کروڑوں دلوں پر راج کرتی ہیں۔’
انھوں نے مزید کہا:
‘ہمیں یقین ہے کہ ان کی سِحر انگیز شخصیت لاکھوں مداحوں کو اپنی جانب متوجہ کرے گي، اور وہ ان کے ساتھ سیلفی لینا پسند کریں گے اور خود کو سینیما کے سنہرے دور میں محسوس کریں گے۔’
مادام تساد دہلی میں کام کرنے والی شردھا پانڈے نے بی بی سی کو بتایا کہ ‘جب دہلی میں مادام تساد کا افتتاح ہوگا اس میں مدھوبالا کی تصویر بھی ہوگی۔’ مدھو بالا عالمی سطح پر اس وقت اُبھریں جب معروف و مقبول امریکی میگزن ‘تھیئٹر اینڈ آرٹس’ نے سنہ 1952 میں ان کی تصاویر شائع کی تھی۔ انڈین کے پوسٹل ڈیپارٹمنٹ نے ان کی یاد میں سنہ 2008 میں ایک ڈاک ٹکٹ جاری کیا تھا۔
خیال رہے کہ انڈیا کے دارالحکومت دہلی کے مرکزی علاقے کناٹ پیلس کے معروف ہال، ریگل میں مادام تُساد کا میوزیم قائم کیا جا رہا ہے جس میں امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان سمیت بالی وڈ کے بہت سے اداکاروں کے مجسمے نظر آئیں گے۔
اس وقت اس کا اعلان کرتے ہوئے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نک وارن نے کہا تھا:
‘اس بات سے ہمیں بہت خوشی ہے کہ ایشیا کا سب سے پہلا مادام تساد بھارت میں کھل رہا ہے ۔’