پانامہ کیس میں قدم بہ قدم کیا ہوا ؟
(ذیشان ظفر)
پانامہ پیپرز
پاکستان میں تقریباً ایک برس قبل پاناما لیکس میں وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کے نام سامنے آئے اور اس وقت سے یہ معاملہ ملک کے سیاسی منظر نامے میں چھایا رہا۔ پاناما لیکس پر حزب اختلاف کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ سامنے آیا لیکن انھوں نے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کا اعلان کیا تاہم سپریم کورٹ نے اس وقت اس سے معذرت کر لی اور بعد میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تحقیقاتی کمیشن کے ضوابطِ کار کی تشکیل کے لیے بھی طویل نشستیں ہوئیں لیکن کوئی حل نہ نکل سکا۔
ضوابطِ کار کا معاملہ کسی نتیجے پر نہ پہنچنے پر حزب اختلاف کی دوسری بڑی جماعت تحریک انصاف سڑکوں پر نکل آئی اور دو نومبر کو اسلام آباد کو بند کرنے کا کال سے پہلے پکڑ دھکڑ اور پرتشدد جھڑپوں کے دوران یکم نومبر کو سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے پاناما لیکس کے تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے پر اتفاق کر لیا۔
ضوابطِ کار اور کمیشن کا فیصلہ
تین نومبر کو پاناما لیکس میں سامنے آنے والے الزامات کی باقاعدہ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن کا کسی جماعت کے ضوابطِ کار پر متفق ہونا ضروری نہیں جبکہ آئندہ سماعت میں یہ واضح کر دیا کہ ان فی الحال ان کی ترجیح وزیر اعظم کے خلاف الزامات کو ہی دیکھنا اور متعلقہ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ہی عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دیا جائے یا نہیں۔
کیا عدالت سے کچھ چھپایا جا رہا تھا؟
نومبر میں ہونے والی ابتدائی سماعتوں میں ایک بار جب بینچ نے وزیراعظم کے وکیل سلمان بٹ سے پوچھا کے ان کے موکل کے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں متعلقہ دستاویزات جمع نہیں کرائی گئیں تو انھوں نے کہا کہ مجوزہ کمیشن میں تمام دستاویزات فراہم کرائی جا سکتی ہیں۔ اس پر جسٹس آصف نے ریمارکس میں کہا کہ اگر آپ خدانخواستہ ایسا نہیں کر سکے تو مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے آپ کچھ چھپا رہے ہیں۔
قطری شہزادے کی انٹری
پندرہ نومبر کو سماعت نے ایک نیا موڑ لیا جس میں وزیر اعظم کے بچوں کے وکیل اکرم شیخ نے قطر کے شاہی خاندان کے رکن حمد جاسم کی جانب سے پانچ نومبر کو تحریر کردہ ایک خط عدالت میں پیش کیا جس کے مطابق شریف خاندان نے 1980 میں الثانی گروپ میں ریئل اسٹیٹ میں جو سرمایہ کاری کی تھی بعد میں اس سے لندن میں چار فلیٹ خریدے گئے تھے۔
ججوں نے اس پر سوال اٹھانا شروع کر دیے کہ آیا قطر کی یہ شخصیت بطور گواہ عدالت میں پیش ہو سکے گی؟ اس کے علاوہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے خط پڑھتے ہی پوچھا کہ ‘اس میں تو ساری سنی سنائی باتیں ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کے پاس کیا کچھ نہیں؟ آپ کا منی ٹریل کہاں ہے؟’
تحریک انصاف کی سینکڑوں دستاویزات
ایک جانب تو وزیراعظم کے خاندان کی جانب سے عدالت میں قطری شیخ کا خط سامنے آیا تو دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے سینکڑوں دستاویزات عدالت میں جمع کرائی گئیں جس پر عدالت نے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اخبار کے تراشے شواہد نہیں ہوتے۔
بارِ ثبوت تحریک انصاف پر نہیں وزیراعظم پر ہے
سماعت کے دوران تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے یہ بیان بھی دیا کہ پاناما لیکس کے مقدمے میں سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی وہ اسے قبول کریں گے لیکن اس کے ساتھ یہ بھی کہہ دیا کہ عدالت میں ثبوت پیش کرنا ان کا کام نہیں بلکہ ثبوت تو نواز شریف نے پیش کرنے ہیں۔
اس بیان کو حکومتی حلقوں نے خوب اچھالا اور کہا ‘ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کا کام صرف بے بنیاد الزامات لگانا ہے۔’
اسی وجہ سے ممکنہ طور پر 30 نومبر کی سماعت میں تحریکِ انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت کے سامنے مریم نواز اور حسن نواز کے ٹی وی انٹرویوز کا حوالہ پیش کیا تو جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اخباری تراشوں کو لا کر سونے میں کھوٹ کیوں ڈال رہے ہیں؟ کچی دیواروں پر پیرنہ جمائیں۔
آرٹیکل 62/63
نومبر کی آخری سماعت میں ایک نیا پہلو سامنے آیا جب سپریم کورٹ کے ججوں نے اپنے ريمارکس ميں کہا کہ تحريری جواب اور وزيراعظم کی قومی اسمبلی میں تقاریر میں تضاد ہے جبکہ اگلی سماعت میں عدالت نے وزیراعظم پر الزامات کا تعین کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنی تقریروں کے دوران سچ سے کام نہیں لیا لہٰذا وہ آئین کے آرٹیکل 62/63 کی زد میں آسکتے ہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں وضاحت ضروری ہے۔
عمران خان کا کمیشن کی تجویز قبول کرنے سے انکار
اگلے ہی دن وزیرِ اعظم نواز شریف کے وکیل سلمان اسلم بٹ نے عدالت کی جانب سے اٹھائے گئِے سوالات کے جوابات دیئے جبکہ سماعت میں عدالت نے تحریک انصاف کی استدعا پر تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل پر مشاورت کے لیے وقت دیتے ہوئے سماعت نو دسمبر تک ملتوی کر دی۔
لیکن عمران خان نے جو 19 نومبر کو اعلان کر چکے تھے کہ عدالت کے ہر فیصلے کا احترام کریں گے، کمیشن کی تشکیل کی تجویز کو مسترد کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر ان کے وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ اُن کے مؤکل تحقیقاتی کمیشن نہیں چاہتے اور اگر یہ کمیشن بنا تو تحریکِ انصاف اُس کا بائیکاٹ کرے گی۔
پہلا راؤنڈ بغیر کسی نتیجے کے ختم
تحریک انصاف کے اس جواب پر چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے دسمبر میں درخواستوں کی سماعت جنوری 2017 کے پہلے ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا کیونکہ 31 دسمبر کو اُن کی مدتِ ملازمت مکمل ہو رہی ہے۔
چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پاناما لیکس کے مقدمات کی اب تک کی سماعت کو ‘سنا ہوا مقدمہ’ تصور نہ کیا جائے۔
اس التوا کے بعد تحریک انصاف جس نے ستمبر سے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کر رکھا تھا، 14 دسمبر کو پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کر کے ایوان میں آئی اور وزیراعظم کے خلاف نیا محاذ کھول لیا۔
نیا سال نیا بینچ اور نئے وکیل
یکم جنوری کو پاناما لیکس کا معاملہ نئے سال میں داخل ہوا اور سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کیس کی سماعت کے لیے سینیئر جج آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔ کیس کی ازسرنو سماعت سے ایک دن پہلے شریف خاندان نے اپنے وکلا بھی تبدیل کر دیے۔
اب التوا نہیں ہو گا
چار جنوری کو سپریم کورٹ کے اندر سماعت اور باہر دوبارہ میلا سجا۔ نئے بینچ نے سماعت کے پہلے دن ایک تو یہ فیصلہ سنایا کہ اب مقدمے کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے گا اور دوسرا اس نے وزیراعظم کی جانب سے عدالت میں پیش کردہ قطری شہزادے کے خط کے بارے میں کہا کہ عدالت کو دیکھنا ہوگا کہ کیا سعودی عرب یا دبئی سے قطر بھیجی گئی رقم پر پاکستان کے قوانین لاگو ہوتے ہیں یا نہیں۔
عدالت تحقیقاتی ادارہ نہیں
دس جنوری کی سماعت میں تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے حدیبیہ پیپرز ملز کے مقدمے میں اسحاق ڈار کے اعترافی بیان کا حوالہ دیا اور کہا کہ یہ شریف برادران کی طرف سے منی لانڈرنگ سے متعلق ہے۔ حدیبیہ پیپرز ملز کے مقدمے کی دوبارہ تحقیقات کرنے کے بارے میں قومی احتساب بیورو کو احکامات جاری کرنے کی استدعا پر بینچ کے سربراہ کہا کہ عدالت نہ کوئی ٹرائل کورٹ ہے اور نہ ہی کوئی تحقیقاتی ادارہ۔
نیا بینچ بھی مقدمے کو طول دینے پر ناراض
پرانے بینچ کی طرح 12 جنوری کی سماعت میں موجودہ بینچ کو کہنا پڑا کہ درخواست گزار اور وزیر اعظم کے وکیل سچ سامنے آنے نہیں دینا چاہتے جبکہ عوام سچ جاننا چاہتی ہے۔ 18جنوری کی سماعت میں عدالت نے پھر کہا کہ فریقین سچ کو سامنے آنے نہیں دینا چاہتے اور کوئی بھی دستاویزات عدالت کے سامنے پیش نہیں کی گئیں۔ اُنھوں نے کہا کہ عدالت میں اب تک پیش کی گئی دستاویزات کو سامنے رکھتے ہوئے سچ تک پہنچنا آسان نہیں۔
وزیراعظم کا استثنیٰ
سولہ جنوری کی سماعت میں عدالت نے سوال اٹھایا کہ کہ قومی اسمبلی میں تقریر میں وزیر اعظم نے کوئی غلط بیانی نہیں کی تو پھر وہ اس بارے میں استثنیٰ کیوں مانگ رہے ہیں تاہم ایک دن کے بعد عدالت نے کہہ ہی دیا کہ وزیر اعظم کو وہ استثنی حاصل نہیں ہے جو آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت صدر مملکت اور گورنر کو حاصل ہے۔
حسین نواز کے تحفے اور کاروبار
استتثیٰ کے معاملے کے بعد وزیراعظم کے وکیل کی جانب سے 18 جنوری کو عدالت کو بتایا گیا کہ کہ وزیر اعظم کے بیٹے حسین نواز نے چار سال کے دوران اپنے والد کو 52 کروڑ روپے بھجوائے ہیں۔ اس بات کو بھی حزب اختلاف نے خوب اچھالا جبکہ عدالت میں جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کبھی حسین نواز سے پوچھا ہے کہ وہ بیرون ممالک کرتے کیا ہیں اور کونسا کاروبار کرتے ہیں جس میں اتنا منافع ہو رہا ہے۔
عدالت وزیراعظم کو طلب کر سکتی ہے
دو دن کی سماعت کے بعد بات دوبارہ وزیراعظم کی قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر پر ہوئی جس پر عدالت عظمی نے سوال اُٹھایا کہ کیا ذاتی الزامات کا جواب دینے کے لیے اسمبلی کا فورم استعمال کیا جاسکتا ہے جس پر جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا کہ پارلیمانی استثنیٰ صرف قانون سازی کو حاصل ہوتا ہے جبکہ ذاتی وضاحت کے لیے پارلیمان کو استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
جماعت اسلامی کے وکیل نے ہی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کہ اگر عدالت کو اس بارے مزید شواہد یا کسی سوال کی وضاحت چاہیے تو عدالت وزیر اعظم کو طلب کرسکتی ہے۔ اس پر بینچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر وزیر اعظم کو عدالت میں طلب کیا جا سکتا ہے ورنہ نہیں۔
قطری شہزادے کا ایک اور خط
26 جنوری کی سماعت میں ایک پھر وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز کے وکیل کی جانب سے قطری شہزادے کا ایک نیا خط سامنے آیا جس میں شیخ حماد بن جاسم بن جابر الثانی نے کہا کہ وزیر اعظم کے والد میاں شریف نے سنہ 1980 میں قطر میں ایک کروڑ بیس لاکھ قطری ریال کی سرمایہ کاری کی تھی۔
اسحاق ڈار کی وضاحت اور سعد رفیق کی کھلی کتاب
عدالت نے آئندہ سماعت میں قومی احتساب بیورو سے اس اجلاس کی کارروائی کی تفصیلات مانگ لیں جس میں حدیبیہ پیپرز ملز کے مقدمے میں ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تاہم سماعت کے بعد اسحٰق ڈار نے وضاحت جاری کی کہ نواز شریف کے مالی معاملات کے بارے میں ان سے بیان دباؤ کے تحت لیا گیا تھا۔
اگلی سماعت میں نیب کے اجلاس کی رپورٹ پیش کر دی گئی تاہم اس سماعت کے دوران بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے ریمارکس میں وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک رکن پارلیمان نے عوامی جلسے میں اُن ریمارکس پر عدالت کو ڈانٹا جن میں کہا گیا تھا کہ ‘وزیر اعظم نے خود کہا تھا کہ اُن کی زندگی ایک کھلی کتاب ہے لیکن اس کتاب کے کچھ صفحے مسنگ ہیں۔’
جج بیماری سے واپس
فروری کے آغاز میں مقدمے کی سماعت بینچ کے رکن جسٹس عظمت سعید کی طبعیت اچانک ناساز ہونے پر دو ہفتے تک ملتوی رہی اور 15 فروری سے یہ مقدمہ دوبارہ سنا گیا اور موضوعِ بحث حدیبیہ پیپرز مل سے متعلق معلومات ہی رہیں۔
21 فروری کی سماعت میں نیب کے سربراہ نے کہا ہے کہ وہ حدیبیہ پیپرز ملز کے مقدمے میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر نہ کرنے کے فیصلے پر قائم ہیں جبکہ بینچ کے سربراہ نے دورانِ سماعت اس امید کا اظہار کیا کہ اگلے دو روز میں ان درخواستوں کی سماعت مکمل ہو جائے گی۔
فیصلہ محفوظ
عدالت نے 23 فروری کو اس معاملے کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرنے کا اعلان کیا۔ عدالت نے مختصر فیصلہ جاری نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایسا مقدمہ نہیں جس کا مختصر فیصلہ سنایا جائے۔ سماعت مکمل ہونے کے بعد بینچ کے سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدالت آئین اور قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے ان درخواستوں پر فیصلہ دے گی اور اس بات سے عدالت کو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ملک کے کروڑوں لوگ ان کے فیصلے سے خوش ہوتے ہیں یا نہ خوش۔
فیصلہ 20 اپریل کو سنائیں گے
پاکستان کی سپریم کورٹ نے 18 اپریل کو اعلان کیا کہ پاناما دستاویزات کے بارے میں وزیراعظم نواز شریف سمیت چھ افراد کی نااہلی سے متعلق درخواستوں پر 23 فروری کو محفوظ کیا جانے والا فیصلہ 20 اپریل کو سنایا جائے گا۔
عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے جاری کی جانے والی کاز لسٹ کے مطابق یہ فیصلہ جمعرات کو دوپہر دو بجے کورٹ روم نمبر ایک میں سنایا جائے گا۔
بشکریہ: بی بی سی اردو ڈاٹ کام اسلام آباد