جنید جمشید 3 ستمبر، 1964 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے اپنی گلوکاری کا آغاز صرف تیئس سال کی عمر میں 1987میں کیا۔ البم “دل دل پاکستان” 1987میں ریلیز ہُوا تو پاپ موسیقی میں ایک تہلکہ مچ گیا۔ جنید نے پاپ موسیقی کو ایک نیا رجحان دیا۔ اپنے دھیمے گیتوں کی وجہ سے جنید بہت چھوٹی عمر میں ہی مقبولِ عام ہو گئے۔
ان کی پاپ گلوگاری کے دور میں مندرجہ ذیل البمز ریلیز ہوئے۔
- جنید آف وائٹل سائنز 1994ء
- اس راہ پر 1999ء
- دل کی بات 2002ء
اُن کا اختصاص انجنئیرنگ تھا۔ جنید جمشید نے یونیورسٹی آف انجنیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے تعلیم حاصل کی۔ اُن کے تین البم ریلیز ہوئے تھے کہ انھوں نے موسیقی سے تائب ہو کے اسلامی تبلیغ کو اختیار کر لیا۔ وہ باقاعدہ تبلیغ کے لیے مختلف وفود میں جانے لگے۔ مولانا طارق جمیل نے اُن کی اس ’’کایا کلپ‘‘ میں ایک کلیدی کردار ادا کیا۔ جنید کا گلوکاری کا دور 2002 تک جاری رہا۔ البتہ وہ نعت خوانی میں سرگرم رہے۔ اُن کی نعتوں کے بھی متعدد البم آ چکے تھے۔ گذشتہ سال وہ ایک متنازعہ بیان کی وجہ سے کچھ فرقوں کے غیض وغضب کا نشانہ بنے مگر مجموعی طور پر اُن کی عزت و احترام میں کمی نہ آئی۔
ابھی کچھ دیر پہلے ایک خبر نے پوری دنیا کو ہلا دیا کہ وہ پی آئی اے کے طیارے661 میں اپنی اہلیہ کے ساتھ سوارتھے کہ وہ حویلیاں شہر کے قریب حادثہ کا شکار ہو گیا ہے جس میں کل 48 افراد سوار تھے۔ اس افسوس ناک خبر نے اُن کی زندگی کا تو خاتمہ کر دیا مگر پوری قوم کو افسردہ کر دیا۔ وہ چترال گئے تھے جہاں وہ ایک تبلیغ کے سلسلے میں مدعو تھے۔ اُنھوں نے اپنے آخری پیغام میں یہی بتایا کہ وہ چترال میں ایک تبلیغی قافلے میں مصروف ہیں۔