پرویز مشرف کہتے ہیں کہ حافظ سعید کی نظر بندی سے بھارت کو تقویت پہنچائی گئی۔ امریکا، روس، چین سے برابری کی سطح پر تعلقات ہونے چاہئیں، فکسنگ پر تاحیات پابندی لگنی چاہیے۔ امریکا، روس، چین سے برابری کی سطح پر تعلقات ہونے چاہئیں، فکسنگ پر تاحیات پابندی لگنی چاہیے۔
سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ حافظ سعید کو نظربند کرکے ہم بھارت کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ میرا حکومت سے مطالبہ ہے کہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اس کو دہشتگردی نہ کہیں۔ جماعت الدعوۃ جو اقدامات کررہی ہے اس کو حکومت کو سراہنا چاہیے۔ امریکی صدر کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلم ممالک پر پابندیاں بہت سخت اقدام ہے۔
پرویز مشرف نے کہا کہ ہمارے پاس تو کوئی وزیرخارجہ ہی نہیں ہے جو امریکا جاکر بات کرے اور طارق فاطمی میں یہ صلاحیت نہیں کہ وہ امریکا کے خیالات تبدیل کرسکیں۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور یواے ای کے ساتھ ہمارے بہت اچھے تعلقات تھے لیکن اب حالات یہ ہیں کہ برج الخلیفہ پر بھارتی پرچم بنادیا گیا۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ جن کرکٹرز نے میچ فکسنگ کی ہے ان پر تاحیات پابندی لگادینی چاہئے۔ میں پاکستانی ہوں پی ایس ایل کی ساری ٹیمیں میری ہیں لیکن میں بلوچستان کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ہوں۔ انھوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال میرے سامنے تو بچہ ہی ہے اس کو چاہیے کہ وہ سوچ سمجھ کر بات کرے۔ مہاجروں کی طاقت اس میں ہے کہ وہ متحد ہوں، اگر دھڑے بنیں گے تو وہ کمزور ہوں گے۔ میرے خیال میں الطاف حسین میں پہلی والی بات نہیں رہی ۔یوکے میں ایم آئی سکس اور را کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کا کوئی فائدہ مجھے ہوتا نظر نہیں آرہا ۔ایم کیوایم کے انتشار سے سب سے زیادہ فائدہ پیپلزپارٹی کو ہوگا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کا کیس موجودہ حکومت کو نقصان پہنچائے گا، اگر وہ کیس ہار جاتے ہیں تب بھی اور جیت جاتے ہیں تب بھی ۔ انھوں نے کہا کہ گوادر پورٹ میں نے بنوائی، سی پیک کا آئیڈیا میں نے دیا تھا۔نیوزلیکس کے بارے میں رپورٹ کو سامنے لانا چاہیے۔ میرا خیال ہے کہ مریم نواز ،پرویز رشید نیوزلیکس ایشو میں ملوث ہوں گے۔ فرنٹیئر صوبے، پنجاب، سندھ میں نئے صوبے بنانے چاہئیں یہ صوبے انتظامی امور پر بہتر ہوجائیں گے۔
علاوہ ازیں پرویز مشرف نے کہا کہ میں اپنے ڈانس کی وڈیو پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا یہ میری پرائیویٹ لائف ہے۔
بشکریہ: ایکسپریس ڈاٹ پی کے