(ذوالفقار علی)
جناب سید رضا علی گیلانی جو وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب کا قلمدان رکھتے ہیں نے لاہور بورڈ کے ڈویژنل ڈائریکٹرز کو ہدایت جاری کی کہ کالجوں میں طالبات کے لئے حجاب لازمی قرار دیا جائے اور اس پر ان کو غیر حاضری کی سہولت فراہم کی جائے۔ اس کا چرچا سوشل میڈیا پر کئی دنوں سے جاری ہے ۔ ہو سکتا ہے کوئی مرد مومن پاکستان کو اگلے مرحلے میں شٹل کاک برقعہ پہنانے کا سوچ رہا ہو تواُس کی آسانی کیلئے برقعے کی افادیت پر روشنی ڈالنی چاہیے تاکہ پالیسی ساز شخصیات کو لوگوں کی ذہن سازی میں آسانی ہو اور وہ اپنا قیمتی وقت بچا کر انسانوں کو پھر سےغار وں میں بسانے کے مرحلے پر اپنا دھیان دے سکیں۔ اسوقت شٹل کاک برقعے کے بیس فائدے میرے ذہن میں مچل رہے ہیں جو میں ثواب کی نیت سے آپ تک پہنچانا چاہتا ہوں تاکہ روز محشر میں بھی مومنوں کی بغل میں چھپ کے کھڑا ہو سکوں۔
1۔ مغربی میڈیا اور بھوکے فوٹو گرافروں کیلئے دل پشوری کا ماخذ
2۔ جنگی حربہ کے طور پر استعمال ہونے والی نادر اور جدید پاکستانی ٹیکنالوجی جس کا مظاہرہ ہم لال مسجد میں دیکھ چکے ہیں۔
3۔ باریک سوراخوں میں سے تانک جھانک کرنے کی مشق کے ذریعے منزل کا سُراغ لگا کے چلتے رہنا جس کے باعث پُل صراط کو پار کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔
4۔ مردوں کی آنکھوں میں ایکسرے والی ٹیکنالوجی کو مات دینا۔جس کے باعث وہ اُڑتے پرندے کے پر گن لیتے ہیں۔ یہاں پے پرندہ سے مراد مادھوری ڈکشٹ کی فلم پرندہ میں کیا جانے والا کردار ہرگز تصور نہ کیا جائے
5۔ رفع حاجت کیلئے قلعہ بند سپاہی کو خونخوار جنگجووں سے تحفظ فراہم کرنے کا سستا ترین ذریعہ
6۔ مُجاہدوں کے شر سے بچنے کا بہترین اوپائے
7۔ افغانستان نامی جنت میں سفری سہولیات سے بھر پور فائدہ اٹھانا اور نقص امن کے خدشے کو کم سے کم سطح پر برقرار رکھنا
8۔ میوزک کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے کا پوٹینشل رکھنا جس کا فائدہ مشہور زمانہ گلوکارہ لیڈی گاگا کے ہٹ گانے ” برقعہ، برقعہ اینڈ برقعہ” کی تخلیق کی صورت میں ہوا۔
9۔ سی سی کیمرہ کی پکڑ سے محفوظ رہنا۔
10۔ بے باک نظروں کی تیر کشی کے وار کو ناکام کرنا
11۔ آندھی، دھول اور دھوئیں سے محفوظ کرکے آپکی آنکھوں اور چہرے کی جلد کو تر و تازہ رکھنا
12۔ سمگلنگ میں ممد و معاون
13۔ گرمیوں میں آپکو دھوپ سے محفوظ رکھنا اور سردیوں میں ٹھنڈ سے بچانا
14۔ جنت میں جانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر ہونے میں بھی مدد گار ہے کیونکہ اس سے آپ کسی پوٹینشل بُرائی کا بروقت خاتمہ کر سکتی ہیں
15۔ عمر کی حدود و قیود سے مُکت کرنے میں مددگار
16۔ دیہاتوں میں موٹرسائیکل چلانے والے مردوں کی مردانگی کو چیلنج کرکے بیچ چوراہے پگڑی سمیت چت کرنا۔
17۔میک اپ میں برباد ہونے والے وقت کے زیاں کو روکنا اور اس مد میں اُٹھنے والے اخراجات میں کمی لاکر خوشحالی کی طرف قدم بڑھانا کیونکہ برقعے کے ہوتے ہوئے ان چیزوں کی کیا ضرورت
18۔ بچے کو بیچ شہر کے ماں کے دودھ سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنا
19۔ چین جیسے دوست مُلک کی معیشت کو سہارا دینا ۔کیونکہ چین نے ریڈی میڈی شٹل کاک برقعے بیچ کر خوب دھن اکٹھا کیا جو ہمیں سی پیک کی مد میں ملا۔اب خواہ مخواہ ہم پے احسان جتا رہا ہے حالانکہ یہ دولت اُس نے راسخ العقیدہ مسلمانوں کو برقعے بیچ کر کمائی ہے۔
20۔ گنبد برقعہ کے ذریعے سے گنبد کی قدیم روایت کو برقرار رکھنا۔
صاحبو مجھے پتا ہے لبرل حضرات پھر بھی نہیں مانیں گے۔!!!